مجھے یاد ہے
کئی سال پہلے ان ہی دنوں
میں نے تمہیں اپنے اندر ساتویں بار قتل کر کے
وہیں کہیں دفن کیا تھا
اور تمہاری قبر فراموشی کے بھاری پتھروں سے بھر دی تھی
اور اس سے پہلے ایک بار دور سے آنے والے کسی دیو_ہیکل پرندے کے پیروں سے تجھے باندھ کر اڑا دیا تھا
اور پھر اس سے بھی پہلے انہیں دنوں
میں نے تمہیں مکمّل طور پر جلا کر
تمہاری راکھ ایک تیز رفتار دریا میں بہا دی تھی
لیکن اس ساری جان کہی کے باوجود
تم آج پھر ہمیشہ کی طرح
میری آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے
میرے دل کو اپنی مٹھی میں جکڑے
!___میرے سامنے کھڑے ہو