اُسے لمحے گِننا اچھا نہیں لگتا
اس لیے وہ انتظار کرنا نہیں جانتی
وہ سمندر کی لہروں سے زیادہ جلد باز ہے
گھڑی کی ٹِک ٹِک ۔۔۔۔۔۔۔
اُسے بالکل بیزار نہیں کرتی!
خود اعتمادی کے آخری زینے پر قدم جمائے ہُوئے
وہ پُرسکون کھڑی ہے
تصویر بنانے اور بنوانے میں اُسے مہارت حاصل ہے ،
اس لیے مُختلف زاویوں سے لی گئی
لگ بھگ پچاس کے قریب سیلفیوں میں سے اُسے ایک بھی ڈیلیٹ نہیں کرنا پڑتی
اسے معلوم ہے کہ ہر دُوسرا شخص
اُس سے مخاطب ہو کر
اُس کی تعریفوں کے پُل باندھنا چاہتا ہے
لیکن وہ ناپسندیدہ لوگوں سے اپنی تعریف سُننا پسند نہیں کرتی!
وہ پیدل چلتی ہُوئی بہت کم دیکھی گئی ہے
مگر اس کے بیش قیمت اور برانڈِڈ سینڈل
سڑک سے زیادہ ــــــــ لوگوں کے دھڑکتے دِلوں پر اپنی چھاپ چھوڑتے ہیں۔۔۔۔۔۔
نیند ہاتھ باندھے اس کے سرہانے کھڑی رہتی ہے ،
خواب اسے تسلی سے دیکھنے کے لیے رات بھر جاگتے رہنا چاہتے ہیں
کروٹیں اپنی اپنی باری کے انتظار میں رہتی ہیں
لیکن وہ جاگتی ہے
وہ جاگتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تاکہ اپنی پسند کے عین مطابق خواب دیکھ سکے!!!
وہ آہستہ خرام ہے
لیکن شاپنگ کے دوران ہمیشہ اپنی سہیلیوں سے آگے نکل جانا اس کا معمول ہے
ملبوسات خریدتے وقت
وہ اپنے منتخب کردہ رنگ کی طرف اشارہ کرتی ہے
تو مال میں خریداری کے حصول سے آئی ہُوئی دیگر حسیناؤں کی انگلیاں
نہ چاہتے ہوئے بھی اسی رنگ کی جانب اُٹھ جاتی ہیں!
وہ اس بات سے باخبر ہے کہ۔۔۔۔۔
اتنے سارے خوبصورت چہروں کی بِھیڑ میں بھی
اسے اپنے ہونے کا احساس نہیں دلانا پڑتا
وہ جانتی ہے۔۔۔۔۔۔۔
کہ کسی بیمار کی عیادت کے دوران
اس کا ایک عدد جُھوٹا دلاسا
پینا ڈول ایکسٹرا (Panadol Extra) سے کہیں زیادہ اثر رکھتا ہے۔۔۔!!! ❤