وہ پاگل آنکھوں والی لڑکی
ہر گزرتا دن اُس کی بے چینیوں بے قراریوں میں اضافہ کرجاتا، اُس کی آنکھوں کے گرد حلقے گہرے ہونے لگے، اُس کے چہرے پر چھائی پژمردگی بڑھنے لگی اُس کی رنگت اُترتی شام کے جیسے زرد پڑنے لگی اُس کی آنکھوں میں زردی گھلنے لگی، وہ سُوکھ کا کانٹا ہونے لگی!!!
جو کوئی اُسے دیکھتا تو گہرے صدمے میں اُتر آتا اُس کے کان ایک ہی طرح کی آوازیں سُن سُن کر پکنے لگے!!
"کیا ہوگیا اِسے ، کیا ہوتا جارہا ہے اِسے، یہ پہلے تو ایسی نہیں تھی، کسی ڈاکٹر کو دکھاٶ اِسے "
اُس نے لوگوں میں جانا چھوڑ دیا ، وہ ہنستی تو اُس کی ہنسی میں غم کی جھنکار صاف محسوس ہوتی، وہ بولتی تو اُس کی باتوں میں زمانے بھر کی کڑواہٹ بھر آتی، وہ دیکھتی تو اُس کی آنکھوں کا بنجر پن دیر تک اُس کی آنکھوں میں جھانکنے نہیں دیتا!!
صبح سے شام وہ بستر میں منہ دئیے پڑی رہتی غصہ اُس کے پورے وجود پر ہر وقت چھایا رہتا چڑچڑی ، بدلحاظ ہوتی گئی وہ اُس کا دل ہر اک چیز سے اُکتانے لگا ، روشنی سے اُسے نفرت ہونے لگی، اندھیرے سے اُس کا لگاٶ بڑھتا گیا ، وہ کھانا یوں کھاتی جیسے کوئی بوجھ ہو جسے سر سے اُتارنا ہو ، وہ کمرے سے صحن میں جاتی ، صحن سے چھت ، چھت سے سیڑھیوں پہ ، سیڑھیوں سے پھر کمرے میں کسی طور اُس کا بےقرار دل قرار نا پاتا!!!
کبھی تو وہ مہینہ مہینہ صبر کرلیتی خاموش رہ لیتی تو کبھی وہ ایک پل میں اپنے سارے صبر مہینے بھر کے کئے گئے اذیتوں بےقراریوں بھرے صبر پر پانی پھیر جاتی پھر وہ روتی بے تحاشا روتی، اپنی بےبسی پر اُس کا دل چاہتا اپنا ہی گلا گھونٹ دے، یہ ساری اذیتیں ، ساری بے قراریاں ، ساری تڑپ ، سارے آنسو، سارے دکھ اُس کے خود کے کشید کئے گئے ہیں نا وہ اُس بےوفا، فریبی ، بہروپیے شخص سے محبت کا اظہار کرتی نا اُس کا آسیب اُس پر حاوی ہوتی
اور نا اُس کی زندگی یوں پل پل تڑپتے سسکتے گزرتی، اُس کیساتھ جو کچھ ہورہا تھا وہ سب اُس کی اپنی غلطیوں کی سزا تھی ، اس نے کیوں اس شخص پر مان کیا,بھروسه کیا اور اسے اپنا سب کچھ مان لیا- وہ دنیا میں سزا بھگت رہی تھی محبت کی سزا ، اظہار کی سزا، اعتبار کی سزا، یہ سزا تو اُس شخص سے کی گئی محبت کی وجہ سے اُسے مل رہی تھی..
تو کیا وہ دنیا اور آخرت دونوں میں بس سزائیں ہی سہے گی؟ محبت کرنے والی ہر لڑکی شاید ایسی ہی سزا کی مستحق ہوتی ہے
No comments:
Post a Comment