== منافق ===
ہم جذبوں کی کشتی بنا کر
اپنے آنسوؤں سے دریا سینچتے ہیں
ہم اپنی سانسوں کے تموّج میں
روز اُبھرتے ڈوبتے ہیں
ہم ایک سانس میں
ماضی کی عظیم سچّی محبتوں کا دم بھرتے ہیں،
اُن کی پزیرائی کرتے ہیں، خراج دیتے ہیں
اور دوسری سانس میں
اُن سچّے جذبوں کی تحقیر کرتے ہیں
اور اپنی بے وفائی کو تصویر کرتے ہیں؛
ہم اپنے لفظوں میں درد بھرنے کے لیے
پہلے تو گُمانی محبتوں کا کھیل کھیلتے ہیں
جذبوں کو جھوٹے وعدوں سے سینکتے ہیں
اور پھر اپنی پارہ صفت طبیعت سے مجبور ہو کر
اپنے تعلقات پہ بے لطفی کا الزام لگاتے ہیں
اپنی بے نام محبتوں کو مجبوریوں کا لباس پہناتے ہیں
ہم دوسروں کو محبت کی تبلیغ میں
بے حسی اور خود غرضی کے عادی مجرم بن جاتے ہیں
ہم جھوٹی اُداسیاں اوڑھ کر
خود بچاؤ مہم چلاتے ہیں
ہم دوسروں کے کندھوں پر بندوق سجاتے ہیں
اور لا علمی میں
اپنی ہی زندگی پر ٹریگر دباتے ہیں
ہم گُمانی محبتوں
اور قلعی شُدہ جذبوں کی کشتی بناتے ہیں
ہم اپنے بناوٹی آنسوؤں سے دریا سینچتے ہیں
ہم اپنی سانسوں کے تموّج میں
روز اُبھرتے ڈوبتے ہیں
اور بالاخر اک دن
مکمل ڈوب جاتے ہیں۔
No comments:
Post a Comment