وقت نہیں رکتا لیکن کہیں نہ کہیں ہم رک جاتے ہیں۔ سرخ اینٹوں سے بنے کسی آنگن میں، کہیں باورچی خانے میں چولہےکے پاس دھری پیڑھی پر، یا کسی چھت پر لیٹے تارے گنتے، ہمیں پتا ہی نہیں چلتا کہ کب لمحے ہمیں قید کر لیتے ہیں۔ کوئی چاۓ کی پیالی ایسی ہوتی ہے جس کا ذائقہ زبان کبھی بھول نہیں پاتی۔ کوئی سرگوشی ، کوئی مسکراہٹ ، کوئی مہک ، کوئی قہقہہ ، کوئی آنسو ، کوئی سناٹا ، تمام عمر کے لئے زندگی پر حاوی ہو جاتا ہے۔پرانی یادوں پر نئی یادیں سجانا در حقیقت ایک مشکل امر ہے۔ تبھی تو ہم تھک ہار کر بیٹھ جاتے ہیں اور زندگی مسکراتی ہوئی پاس سے گزر جاتی ہے۔
No comments:
Post a Comment