ان سب کے نام جو کہیں کسی کونے میں اپنی سرخ آنکھوں کو مزید رگڑتے ہیں تاکہ اپنے آنسو چھپا سکیں
خود کو کسی اور کی آنکھوں سے دیکھنے کا آرزو مند مت بناؤ ۔۔۔ اٹھو ! اور آئینے میں دیکھو ۔۔۔ تم بے حد مکمل اور خوبصورت ہو ۔۔۔۔ !! بغیر کسی اور سے ستائش کا میڈل وصول کئے
گر تم ہر وقت اس انتظار میں ہو کہ وقت آئے گا اور سب کچھ ہو جائے گا ۔۔۔ اور اسی انتظار میں تم مزید خود ترسی کا شکار ہوتے جا رہے ہو ۔۔۔ تو دیکھو ! تم لوگوں کو اور حالات کو خود پہ مکمل حاوی کر رہے ہو ۔۔۔ وقت تمہارا انتظار نہیں کرے گا ۔۔۔ اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرنا سیکھو
لوگوں سے محبت ' پرواہ اور توجہ کی طلب تمہیں مزید بھوکا اور محروم کرتی جائے گی ۔۔۔۔ لوگوں میں محبت بانٹنا سیکھو ۔۔۔۔ اسے بڑھاتے جاؤ ۔۔۔۔ کبھی مانگنا نہیں پڑے گی
سیکھو ! یہ کہ کب کب پرواہ کرنی ہے ۔۔۔ اور کب کب نہیں کرنی ۔۔۔۔ لوگ تمہیں تکلیف دیں تو انھیں بتاؤ ۔۔۔۔۔ وہ پھر بھی تمہیں تکلیف دیں ۔۔۔ تو ان سے کنارہ بہتر ہے ۔۔۔ بغیر کسی شکوے اور نفرت کے ۔۔۔ انسانوں کو انسان ہونے کا مارجن دو ۔۔۔
زندگی بے حد مختصر ہے ۔۔۔ اسے روتے ہوۓ مت گزارو ۔۔۔ یعنی تمہارا دل کرے کہ تم کسی گانے پہ ناچ اٹھو تو یہ مت سوچنا کہ سب ہنسیں گے ۔۔۔۔ ہنستے ہوۓ کر گزرو
تمہیں بھوک لگے اور کچھ کھانا چاہو ۔۔۔ تو اس ڈر سے ہاتھ مت روکو کہ تم اچھے نہیں لگو گے ۔۔۔۔ کسی ہوٹل میں کسی کونے میں بیٹھی کسی لڑکی کو فاقہ زدہ حالت میں دیکھو جب کہ اس کے سامنے ہر طرح کے کھانے پڑے ہوں اور سب لوگ کھا رہے ہوں ۔۔ اسے جا کے بتاؤ کہ وہ بے حد مکمل اور خوبصورت ہے ۔۔۔۔ ! اور ہمیشہ ایسی ہی رہے گی ۔۔۔ !! دیکھنا وہ مسکرا دے گی
تمہاری ماں نے تمھارے لئے بہت سے خواب دیکھے ۔۔۔ بہت عرصہ اس نے بہت تکالیف اٹھا کے تمہیں پالا ۔۔۔ اس لئے نہیں کہ تم کسی سے لی جانے والی تکلیف کا بدلہ اس پہ چیخ چلا کے نکالو ۔۔۔۔ محبتوں کو محبت دینا سیکھو ۔۔۔۔
تم ہمیشہ ہر چیز میں مکمل نہیں ہو سکتے ۔۔۔۔ خیر ہے ۔۔۔ نامکمل ہونا بھی خوبصورت ہے ۔۔۔ لوگوں سے ہر چیز کی معافی مانگنا اور خود پہ ترس کھانا بند کر دو ۔۔۔۔
کوئی بھی تمہیں زندگی کے معنی نہیں بتائے گا ۔۔۔۔ یہ تم ہو جو اپنا سفر خود طے کرو گے ۔۔۔۔ خوش اور زندہ دل لوگ اپنی زندگی کے معنی خود بناتے ہیں ۔۔۔ اور لوگ ان سے زندہ رہنا سیکھتے ہیں ۔۔۔۔
!زندہ رہو
No comments:
Post a Comment