Welcome to my blog!

Meet the Author

Blessed with the best _ Alhumdulillah!a million times for every blessing in my life.

Looking for something?

Subscribe to this blog!

Receive the latest posts by email. Just enter your email below if you want to subscribe!

Monday, January 25, 2021

استخارہ کیسے کریں۔

کوئی لاڈ اور ناز کے انداز میں اللہ سے مانگتا ہے ۔۔۔۔
کوئی چھوٹے بچے کی طرح  ضد کر کے  مانگتا ہے ۔۔۔۔
کوئی ادب اور بہت عاجزی کے ساتھ مانگتا ہے ۔۔۔
اور کوئی مکمل خود سپردگی کے ساتھ ۔۔۔۔

اللہ سے محبت کرنے کا ، مانگنے کا انداز ہر ایک کا جدا جدا ہے 
اللہ کو سب پر پیار آتا ہے ۔۔۔۔

اللہ سب مانگنے والوں سے ، ان کے انداز سے محبت کرتے ہیں 
جس چیز کو اللہ ناپسند فرماتے ہیں وہ ہے نہ مانگنا ، یا اگر مانگیں بھی تو  مایوسی اور ناامیدی کے ساتھ ۔۔۔۔

کوئی اس خالق دو جہاں سے بھی مایوس ہو سکتا ہے ۔۔۔

اسی  سے مایوس ہو گئے تو کدھر جانا ہے  ؟ 

جس کے دینے میں بھی حکمت 
اور نہ دینے میں بھی حکمت ۔۔۔ 
جس کے بروقت عطا کرنے میں بھی محبت 
موافق وقت تک انتظار کروانے میں بھی محبت 
ہمارا کام تو بس مانگنا ہے ۔۔۔۔۔

کبھی کبھی میرا دل چاہتا ہے میں بھی لاڈ سے ، ضد کر کے اللہ سے مانگوں لیکن کیا کروں کہ میں بہت بزدل ہوں ، سب مانگ لیتی ہوں، عافیت،  آخرت ، ایمان پر خاتمہ ، برکت ، خیر ، اللہ کی رضا و محبت،  آسانیاں 

لیکن جب دنیا کی کوئی خاص چیز مانگنے لگتی ہوں تو خواہش کرتے ہوئے  ڈر لگتا ہے، نجانے اس میں میرے لئے خیر چھپی ہے یا شر ۔۔۔۔

 اللہ مجھے وہ دیجئے گا جو میرے لئے اچھا یے ، دعائے استخارہ مجھے بہت پیاری لگتی ہے ، اسی کے ذریعے مانگ لیتی ہوں 

آپ جانتے ہیں،  میں کچھ نہیں جانتی ۔۔۔۔۔
جو اچھا ہے وہ مجھے دے دیجئے ، برکت کے ساتھ ۔۔۔۔۔
جو میرے حق میں اچھا نہیں اسے دور کر دیجئے،  دل سے اس کا  خیال تک بھی نکال دیجئے اور مجھے جو دیا اس سے میرے دل کو  راضی کر دیجئے ۔۔۔۔۔

بس پھر مجھے سکون مل جاتا ہے،  خواہش کو دبا کر ، خود کو مکمل اللہ کے سپرد کر کے جو طمانیت ملتی ہے ،  وہ مجھے ضد کر کے کچھ مانگنے سے نہیں مل سکتی ۔۔۔۔

ہر ایک کی اپنی طبیعت اور انداز ہوتا ہے ۔۔۔۔ کچھ لاڈ سے اپنی عرضی پیش کرتے رہتے ہیں اور پیچھے پڑ کر ،  منوا  کر ہی دم لیتے ہیں ، ان کو اس میں لطف آتا ہے - 

ہاجرہ کی پیدائش پر میری  والدہ کی عمر کی آپا جو مجھے بہت عزیز ہیں،  ساری عمر انھوں نے  دین کی خدمت میں گزار دی ، کچھ دوسری خواتین  کے ساتھ ہاجرہ کو دیکھنے آئیں،  کسی خاتون  نے کہا عائشہ کا بھائی آتا تو دو بھائی  ہو جاتے ، چلو اب دو بہنیں ہو گئیں ، یہ بھی اچھا ہے ۔۔۔۔۔

میں نے تو کبھی بیٹے یا بیٹی کی دعا نہیں کی ، بس یہ کہتی ہوں کہ اللہ جو میرے حق میں زیادہ بہتر ہے،  وہ مجھے عطا کر دیجئے ، آپ جانتے ہیں اور میں نہیں جانتی ۔۔۔۔

آپا کہنے لگیں اولاد نرینہ بھی مانگنی چاہئے ،  ہمیں سکھایا گیا ہے ، اللہ سے بہترین مانگنا چاہئے ، اللہ کے سب خزانے ہیں ، خوب مانگو 

جانتی ہوں آپا ، لیکن مجھے اس طرح زیادہ  سکون ملتا ہے ، سب کچھ اللہ کے سپرد کر کے ۔۔۔۔

ویسے تو دعائے استخارہ کسی اہم فیصلے کے وقت مسنون طریقے کے مطابق پڑھی جاتی ہے اور اس کی برکت سے  دل خیر کی طرف مائل ہوجاتا ہے اور خیر کا راستہ آسان ہو جاتا ہے لیکن اس کا ایک اور فائدہ بھی ملا ،  قرآن کلاس میں ایک بار ہماری ٹیچر نے ہمیں مفتی تقی عثمانی صاحب کے حوالے سے بتایا کہ اگر ہر نماز کے بعد دعا ئے استخارہ پڑھ لی جائے اور دو نمازوں کے درمیانی تمام کام اللہ کے حوالے کر دئیے جائیں تو  تو اللہ ہاتھ پکڑ کر ہر کام کروا  دیتے ہیں 

تب سے الحمدللہ یہی معمول ہے ، ہر نماز کے بعد 
یا صبح شام تو ضرور 

ھذاالامر پڑھتے ہوئے سارے کام تصور کر لیتی ہوں کہ جو بھی کام شام تک مجھے پیش آئیں ، ان سب میں مجھے کافی ہو جائیں،  بہترین کی طرف میری رہنمائی فرما دیں ۔۔۔۔۔

بھانجا آئی ایس ایس بی کا ٹیسٹ دینے گیا ، خالہ دعا کیجئے گا سیلیکٹ ہو جاوں 
میں یہ دعا کروں گی کہ اگر آپ کے حق میں بہتر ہے تو آپ سیلیکٹ ہوں 
بولا آپ یہ بھی تو کہہ سکتی ہیں کہ سیلیکٹ ہو جاوں اور یہ سیلیکشن میرے حق میں اچھی ثابت ہو - 
ایسا نہیں مانگ سکتی نا ۔۔۔
ایمان کی کمزوری ہے ، اس نے مذاق سے کہا 
جو بھی سمجھو ۔۔۔ بزدلی کہہ لو ، وہم ہوتا ہے کہ پتہ نہیں جو دل کی خواہش ہے اس میں میرے لئے  خیر ہے یا شر ، ایسے اطمینان حاصل یو جاتا یے 

دعا جیسے بھی مانگی جائے ، خوب مانگی جائے ، دعائے استخارہ کو زندگی میں شامل۔کرنے سے اللہ بہترین کی طرف ہماری رہنمائی کرتے ہیں،  دل بھی پرسکون ہو جاتا ہے ، مجھے اس دعا سے  الحمدللہ بہت فائدے ملے ، ہر جگہ الحمدللہ  بہترین لوگ ملے ، دین میں معاون اور پھر بچوں کے ٹیچرز ، فرینڈز یہاں تک کہ گھر کے ہیلپرز تک بہت اچھے ملے ،کئی بار بظاہر لگتا ہے فلاں چیز ہمارے لیے شائد اچھی ثابت نہیں ہوئی  لیکن اس میں سے بھی  بعد میں الحمدللہ خیر کا پہلو نکل آتا ہے۔


No comments:

Post a Comment

')